|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2023

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کیلئے اہم فورم ہے۔

تاشقند میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ای سی او کے 16 ویں سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے، میرا اور وفد کا والہانہ استقبال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کیلئے اہم فورم ہے ، خطےمیں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے ، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار اداکریں گی ، ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہدایوں کی ضرورت ہے۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ، ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہوگی ، ای سی او کا اگلا سیکریٹری جنرل پاکستان سے ہونے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم وستم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، غزہ میں بچوں ، خواتین اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ، غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہیے ، ای سی او ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای سی او ممالک اسلاموفوبیا سے متعلق یکساں اور متحرک مؤقف اپنائیں ، پاکستان ای سی او کے اہداف پرتیزی سے عملدرآمد چاہتا ہے۔