کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے بدھ کے روز یہاں ملاقات کی ،چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران بلوچستان میں بجلی سے متعلق امور اور اس حوالے سے عوام کو درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ واپڈا کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے صوبے میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے فوری خاتمہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام بالخصوص زمینداروں کو بے پنا ہ مشکلات کا سامنا ہے اور ہمارا شعبہ زراعت بری طرح متاثر ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے مشترکہ مفادات کے کونسل کے حالیہ اجلاس میں بھی اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا جس پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کے فوری حل کی ہدایت کی اور اسے کونسل کی دستاویز کا حصہ بھی بنایا گیا ، چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ ان کے دورہ بلوچستان کا مقصد صوبے کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ لوڈشیڈنگ سمیت صوبے کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کو جلد حل کیا جائیگا۔