|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2023

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی پی میرٹ کی بنیاد پر ہر کارکردگی دکھا سکتی ہے ، ہمیں دھاندلی کر کے اقتدار میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ چند لوگوں کی جانب سے مایوسی کی باتیں کی گئیں ، پاکستان اور اداروں کیخلاف سازشیں کی گئیں لیکن پیپلز پارٹی نے تمام لوگوں کو امید کی کرن دکھائی ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا بلوچستان میں تاریخی جلسہ ہوا  جس کے بارے سرفراز بگٹی نے کہا شہید ذوالفقار بھٹو کے بعد اتنا بڑا جلسہ کسی نے کیا تو وہ پی پی نے کیا ، الحمدللہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اپنے دورے جاری رکھیں گے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں پیپلز پارٹی اپنا لوہا منوائے گی ، پیپلزپارٹی عوام کی حمایت سے الیکشن میں حصہ لے گی اور عوام کی مدد سے تاریخی فتح حاصل کرے گی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں پیپلزپارٹی کے پاس گنوانے کے لیے کیا ہے ، پیپلزپارٹی پاکستان کی جماعت ہے ، کسی علاقے کی جماعت نہیں ہے ، چیئرمین پی پی نے کہا ہماری کسی سے لڑائی نہیں ہے ، ہماری لڑائی غربت اور لسانیت کی سیاست کے ساتھ ہے ، ہماری لڑائی انتشارکی سیاست اور دہشت گردی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن ) نے پورے پاکستان میں کیا کیا وہ بتائے ، ن لیگ صرف لاہور کی مثال دے رہی ہے ، ن لیگ نے صرف لاہور کو پورا پاکستان سمجھا ہے ، پی پی کی جب حکومت آئی تو پورے پاکستان کے لیے کام کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ایٹمی طاقت پاکستان کو بنایا تو سب کا فائدہ تھا ، ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا صرف اور صرف پیپلزپارٹی کا ہے ، میزائل ٹیکنالوجی شہید بینظیربھٹو نے پاکستان کو دی، سی پیک کے خالق آصف علی زرداری ہیں،  آصف زرداری پر اس وقت تنقید کی جاتی تھی اور کہا جاتا تھا روزانہ چائنہ جارہے ہیں وہاں کیا کام ہے۔

پی پی رہنما کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے تحت لاکھوں لوگوں کو ہرماہ پیسے مل رہے ہیں ،غربت کی لکیرکے نیچے جتنی خواتین ہیں ان کو پیسے مل رہے ہیں، آج بھی پورے پاکستان سے لوگ مزدوری کرنے کراچی آتے ہیں ، کراچی سب کا ہے ، کراچی میں پاکستان کی بہترین طبی سہولیات ہیں۔