|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2023

کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج مکمل ہونے سے یقینا عوام کے بہت سارے مسائل حل ہوجائینگے ،

عرصہ دراز سے کوئٹہ پیکج تاخیر کا شکار تھا مگر نگراں حکومت کی جانب سے منصوبے کو مکمل کرلیاگیا ہے جو کہ ایک خوش آئندعمل ہے اور اس کا سہرا نگراں حکومت کی پوری ٹیم کوجاتا ہے۔ کوئٹہ شہر میں مسائل بہت زیادہ ہیں، پینے کا پانی، سیوریج، گیس، مواصلات جو کہ بنیادی ضروریات میںشامل ہیں ان سے عوام محروم رہے ہیں عوام کو ان مسائل کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے

آج بھی پانی، سیوریج، گیس کا مسئلہ بہت سے علاقوں کو درپیش ہے جنہیں حل کرنا ضروری ہے مگر یہ کام منتخب حکومت ہی کرسکتی ہے چونکہ نگراں حکومت اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے جاری اسکیمات کو مکمل کرسکتی ہے جب تک نئی اسمبلی آئے گی نئے منتخب اراکین آئینگے یہ ان کی ذمہ داری ہوگی کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگراضلاع کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ۔اگر منتخب نمائندگان اپنے ہی حلقے کو ترجیح دیتے ہوئے کام کریں تو مسائل خود ہی حل ہوجائینگے مگر بدقسمتی سے منصوبوں میں کرپشن کے عنصر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،

ہر منصوبے پر ہاتھ صاف کیاجاتا ہے عوام کو عام انتخابات سے قبل ترقی کے خواب دکھائے جاتے ہیں مگر اقتدار ملتے ہی اپنے ہی حلقے سے بعض ارکان غائب ہوجاتے ہیںاور پھر کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اپنا وقت گزارتے ہیں ،اسمبلی اجلاس کے دوران بھی اہم ایجنڈوں کو سنجیدگی سے نہیں لیاجاتا جو عوامی نوعیت کے مسائل سے جڑے ہوتے ہیں ۔اگر بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف کرنا ہے تو سب سے پہلے بلوچستان کے اپنے نمائندگان کو ہی کرنا ہوگا پھر بڑے معاملات پر اسلام آباد سے شکوہ کریں۔ بہرحال نگراں صوبائی حکومت نے سات سال سے زیر التواء کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کا منصوبہ چار ماہ میں مکمل کرلیا۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے اتوار کو لنک بادینی دو رویہ روڑ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا ۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت نے باگ دوڑ سنبھالی تو دیگر چیلنجز کے ساتھ ساتھ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبے انتہائی سست روی کا شکار تھے جس کی وجہ سے علاقے کے مکینوں اور عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا تھا ،نگراں صوبائی حکومت نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فوری فراہمی یقینی بنائی اور مکمل انتظامی معاونت فراہم کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو دور کرکے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے

جس کی وجہ سے آج الحمدللہ یہ منصوبے پایا تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبزل روڈ تا لنک روڈ سمنگلی کراس براستہ شابو تا ائیرپورٹ روڈ کوئٹہ کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ اجتماعی نوعیت کے عوامی منصوبوں کی فوری تکمیل کو یقینی بنایا جائے، نگراں حکومت کی ترجیحات میں عوام کی فلاح و بہبود سہر فہرست ہے ،

مواصلاتی منصوبوں کی تکمیل سے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو بھی پر ہجوم سڑکوں کی بجائے متبادل سڑکوں کی سہولتیں دستیاب ہونگی ۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نگراں حکومت کے قلیل عرصے میں سریاب روڈ، سبزل روڈ اور انسکمب روڈ سمیت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری دیگر منصوبوں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا، نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات،

پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج رفیق بلوچ و دیگر افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس دئیے جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو سوئینر بھی پیش کیا گیا۔ بہرحال نگراں حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنا قابل تعریف عمل ہے ۔مستقبل میں بلوچستان کو محرومی وپسماندگی سے نکالنے کے لیے منتخب ہوکر آنے والے نمائندگان نے اپناکردار ادا کرنا ہوگا ماضی سے ہٹ کر ایک خوشحال بلوچستان کا وژن لیکر عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔