|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2023

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار کی قیادت کو جانبدار قرار دیدیا۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی قیادت جانبدار ہے اوروکلا کی صحیح ترجمانی نہیں کرتی۔

حامد خان نے دعویٰ کیا کہ ایسا لگ رہا ہے یہ لوگ کسی کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں، شاید اُن کے اقدامات کا مقصد الیکشن ملتوی کرانا ہے جس کے ہم حق میں نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا کہ آر اوز عدلیہ سے ہوتے لیکن یہ جن کو بھی لگا رہے ہیں اس پورے الیکشن عمل کی نگرانی سپریم کورٹ نے اپنے ذمہ لی ہے، الیکشن کمیشن کا جانبدارانہ طرزعمل قابل قبول نہیں، پی ٹی آئی سےبلے کا نشان واپس لینا بہت بڑی زیادتی اور ناانصافی ہوگی۔