|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب وزیراعظم محمد نواز شریف اور عسکری قیادت کا جرأت مندانہ فیصلہ ہے اگر یہ آپریشن پانچ سال قبل شروع کیا جاتا تو آج ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہوتا جبکہ بلوچستان میں بھی ایسے جرأت مندانہ فیصلوں کی ضرورت تھی جس سے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکتا تاہم اب بلوچستان میں بھی جرأت مندانہ فیصلے کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی چےئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے جمعرات کے روز یہاں ان سے ملاقات کی جس میں ملک اور صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت میں اقتدار عوام دیتے ہیں ہم تو صرف کرسی پر بیٹھتے ہیں عوام ہی اقتدار کے اصل مالک ہیں اگر انہیں ہی دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے تو جمہوریت اور حکومت بے مقصد ہوجاتی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیڈر شپ مضبوط ہوگی توعوام میں اعتماد آئے گا اور ان کے دلوں سے خوف دور ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور نہتے لوگوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں مصلحت پسندی اور خوف کے شکار افسروں کو پوسٹوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے خلاف جنگ میں ہمارے آباؤ اجداد لڑتے ہوئے شہید ہوئے یہاں کے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں لیکن باہرکے لوگوں کو اپنی سرزمین پر قابض نہیں ہونے دیا ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے بلوچستان کو سنبھال کر رکھا منفی قوتوں کے خلاف لڑائی ہمارے لئے نئی بات نہیں ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور اس وقت عوام کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے حکومتی اقدامات سے خوف اور دہشت کا اثر ختم ہورہا ہے یوم پاکستان پر صوبے کے پچاس سے زیادہ شہروں اور علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کیاگیا ان میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو نوگو ایریا تھے اور وہاں ایسی تقریبات کے انعقاد کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا عوام نے جوق درجوق ان تقریبات میں شرکت کرکے صوبے میں مثبت تبدیلی کا واضح اشارہ دیدیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کسی چیز کی کمی نہیں پسماندگی کا رونا بہت ہوچکا اب پسماندگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کا وقت ہے انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ شہر کو بہتر بنائیں گے کوئٹہ میں فوڈ اسٹریٹ قائم کی جائے گی ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم کا آغاز کیا جائے گا پانی کا مسئلہ حل کریں گے اور کوئٹہ کے شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا ڈپٹی چےئرمین سینٹ نے وزیراعلیٰ نے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اس حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا۔