|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2023

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہمیں تو صرف آج فیلڈ ملی ہے لیول تو ملا ہی نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ جس نے ملک کے لیے سب کچھ کیا اسے کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ کسی کی انتخابی مہم نہ چلائی جائے۔

جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ہم تو کہتے ہیں سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، کیا 2018ء میں ہمارے لیے کسی نے معصوم کا لفظ استعمال کیا تھا، مخالفین الیکشن کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بغیر صرف جمہوریت کا نہیں ملک کا بہت بڑا نقصان ہوجائے گا، آپ کسی کو معصوم کہیں یا گڈ ٹو سی یو مجھے اعتراض نہیں، 9 مئی کو ملکی استحکام اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کیا مقبولیت کا پیمانہ دہشت گرد کے پیرو کاروں کی تعداد کو کہا جائے، نواز شریف کے پیروکار ریاستی اداروں کو حملہ کرنے والوں سے بچائیں گے، ہم جلسےجلوس کر رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ اور کمپین ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلا مجھ پر حملہ ہوا لیکن میں بھلا چنگا آپ کے سامنے کھڑا ہوں، کیا اس طرح سوشل میڈیا پر لوگوں کو مہم چلانے کا موقع دیں گے۔

جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ آپ کے اور میرے پیسوں سے انہیں تنخواہ دی جاتی تھی، آج ان کو تنخواہ کہاں سے دی جا رہی ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو اس وقت پاکستان کے خلاف کام کرتے تھے، آج یہی لوگ سوشل میڈیا پر بیانیہ بنا رہے ہیں یہ مقبول ہے، یہ غیر مقبول ہے، ہم جلسے جلوس کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر ایک مہم جاری ہے۔