|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2024

 اسلام آباد: ملک بھر میں تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، ان کے بھتیجے شیخ رشید شفیق اور سابق وزیر قانون بشارت راجہ نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔

کل اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے۔ ریٹرننگ افسران کی طرف سے کاغذات مسترد کرنے کے تحریری فیصلوں میں مسلسل تاخیر سے امیدوار پریشان ہیں۔

الیکشن ٹربیونلز میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف آج امیدواروں کی اپیلوں پر سماعتیں ہوئیں۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے این اے 89 میانوالی سے عمیر نیازی کی اپیل پر سماعت کی۔ ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کو کل مکمل ریکارڈ کیساتھ طلب کرلیا۔

جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے استفسار کیا کہ چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے؟، ڈی پی او اٹک ریٹرننگ آفیسر کی عدالت پیشی یقینی بنائیں، یہاں سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں اس ملک کو ایسے ہی برباد کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں پراپرٹی کا 65 ہزار روپے ٹیکس جمع نہیں کرانے کی وجہ سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے الیکشن کمیشن کو کل کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

محکمہ ایکسائز کے واجبات کی عدم ادائیگی پر این اے 55 سے پیپلز پارٹی امیدوار بابرجدون کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ٹربیونل نے اپیل سماعت کیلئے منظور کرکے الیکشن کمیشن، آر او اور محکمہ ایکسائز کو نوٹس جاری کردیا۔

لاہور میں بھی آر اوز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں 20 سے زائد اپیلیں دائر ہوئیں۔