|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2024

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت کرتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا کی آج رخصت کے باعث ڈیوٹی جج احمد ارشد نے کی۔

دورانِ سماعت بشریٰ بی بی اپنے وکلاء خالد یوسف، عمیر نیازی اور عثمان گل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔

ڈیوٹی جج نے سوال کیا کہ کیسز کے تفتیشی افسر کدھر ہیں؟ عدالت آئے ہی نہیں۔

اس موقع پر بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیسز میں استغاثہ سے کوئی بھی عدالت نہیں آیا۔

بانیٔ پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع نہیں کروائی گئی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی اور بانیٔ پی ٹی آئی کی ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔