|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کردیا تاہم پارٹی نے  ذاتی حیثیت میں دیے گئے بیانات سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کرتی ہے، چیف جسٹس کے ہوتے تحریک انصاف کو انصاف کی کوئی امید نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن توہین برداشت نہیں کرسکتے، بہتر ہوگا چیف جسٹس پاکستان پی ٹی آئی کے کیس علیحدہ بینچ کو سونپ دیں۔بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا فاضل چیف جسٹس کا پی ٹی آئی کے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں فاضل چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا بغض چیف جسٹس کے دل سے نہیں نکلا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 12 سو کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہوئے ہیں، فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے، پی ٹی آئی فاضل چیف جسٹس کے رویے کو نامناسب سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی چیف جسٹس کی رویے کی مذمت کرتی ہے، آپ کو کوئی حق نہیں کہ پی ٹی آئی یا ان کے وکلا کی تضحیک کریں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جارہا، بہتر ہوگا پی ٹی آئی کے کیسز کیلئے علیحدہ بینچ بنائے جائیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ذاتی حیثیت میں دیے گئے بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری کیے جانے والے بیانات ہی پارٹی مؤقف یا پالیسی کے عکاس ہیں۔

ترجمان کے مطابق ذاتی حیثیت میں دیے گئے بیانات پارٹی مؤقف یا پالیسی کے عکاس نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کے معاملے پر بیرسٹرگوہر اور شیر افضل مروت آمنے سامنے آگئے۔

بیرسٹرگوہر نے پریس کانفرنس ختم کی تو شیر افضل مروت آگئے اور کہا کہ وہ اپنی پریس کانفرنس کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے شیر افضل مروت کو پریس کانفرنس سے روک دیا، شیر افضل مروت بیرسٹر گوہرکو بلانے چیئرمین آفس گئے لیکن بیرسٹرگوہر نے شیر افضل مروت کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔

شیر افضل مروت نے بیرسٹر عمیر نیازی کو اپنے ساتھ پریس کانفرنس کیلئے بلایا ، عمیر نیازی پریس کانفرنس میں کچھ دیر بیٹھ کر اٹھ گئے۔