بولان/کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے وادی بولان میں مچھ،کولپور اورپیرغیب سمیت مختلف مقامات پر مسلح عسکریت پسندوں کا حملے کے خلاف سیکورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کامشترکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے،
مچھ کو عسکریت پسندوں کے نرغے سے چھڑالیااور کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ کو 48گھنٹے بعد ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیاہے،سی ٹی ڈی کی جانب مسلح عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن 11 عسکریت پسند ہلاک7 یرغمالی بھی بازیاب کرالیاگیاہے،مچھ میں دہشت گرد حملے میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
تاہم ٹرین سروس بحال نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق منگل کی رات9بجے کے قریب کوئٹہ شہر سے تقریباََ50کلومیٹر کے فاصلے پر ضلع کچھی کے علاقے وادی بولان کے مختلف مقامات مچھ،کولپور،گوکرت اور پیرغیب پر مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا اور فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا،مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے 7سرکاری مقامات جس میں سینٹرل جیل مچھ،
پولیس تھانہ مچھ،ریلوے اسٹیشن،پی ٹی سی ایل دفتر،کولپور کسٹم آفس،بی بی نانی پل کے قریب سیکورٹی فورسز اور گوکرت تھانے کونشانہ بنایاگیاتھا،حملے میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ 13سے زائد زخمی ہوگئے تھے زخمیوں کو کوئٹہ اور مچھ منتقل کردیاگیاتھا،
حملے کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں ایف سی اور سی ٹی ڈی سمیت دیگر کی جانب سے کلیئرنس آپریشن شروع کردیاگیاہے اور بدھ کو مچھ کو عسکریت پسندوں کے نرغے سے چھڑا لیا گیاہے جبکہ مچھ میں مسلح عسکریت پسندوں کے حملے کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا
جس کے دوران 11 عسکریت پسندوں کوہلاک کردیا گیا۔ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق حالیہ کلیئرینس آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 11 عسکریت پسند مار دیے جبکہ عسکریت پسندوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 7 شہروں کو بھی بہ حفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
علاوہ ازیں دوران آپریشن دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔دوسری جانب بولان میں مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے جدید ہتھیاروں،راکٹوں اور مارٹر گولوں سے شہر اور جیل سمیت سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملوں کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیاتھا انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ سے سکھر آنے اور جانیو الا قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا اور 48گھنٹے بعد کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیاہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک رحمت اللہ اور سپاہی محمد زمان کی نمازجنازہ ادا کی گئی، نمازجنازہ میں سینئرفوجی افسران، بڑی تعداد میں مقامی افراد کی شرکت کیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق نمازجنازہ کے بعد شہدا کے جسدخاکی آبائی علاقوں کوروانہ کردیئے گئے،
لانس نائیک رحمت اللہ کا تعلق ڈی جی خان، سپاہی محمد زمان کا تعلق ٹانک سے ہے۔ دونوں شہدا کوآبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔دوسری جانب ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے 29 اور 30 جنوری کی درمیانی سب مچھ ریلوے اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔
اسٹیشن کی حفاظت پر مامور ریلویز پولیس کے کانسٹیبل فیصل سمالانی امن دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔ترجمان کے مطابق شہید فیصل سمالانی سریاب روڈ کوئٹہ کے رہائشی تھے۔ بہادر شہید کمانڈو کو آبائی علاقے میں مکمل پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔