کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ صحت کی بہتر سہولتوں اور علاج ومعالجہ کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے، صوبائی حکومت اس حق کو نہ صرف تسلیم کرتی ہے بلکہ شعبہ صحت کی بہتری کے ذریعہ شہروں اور صوبے کے دوردراز اور پسماندہ سمجھے جانے والے علاقوں میں بھی ہسپتال، ڈسپنسریوں اور بنیادی مراکز صحت میں طبی آلات اور ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ زچہ اور بچہ کی صحت، پولیو اور خسرہ سمیت بچوں کے دیگر موذی امراض پر قابو پانے، ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے تدارک کے لئے خصوصی پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہیں جن کے لئے کثیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی سطح پر صحت کا دن منانے کا مقصد حکومتی اور غیرسرکاری سطح پر شعبہ صحت کی ترقی کے لئے جاری کوششوں اور لوگوں کو صحت کے حوالے سے درپیش مسائل اور چیلنجوں کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ اس مد میں خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے کے عوام کو علاج ومعالجہ کی تمام تر سہولتوں کی ان کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور فرائض سے غفلت کے مرتکب ہونے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے خلاف فوری اور مؤثر کاروائی کی جائے گی۔