|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2016

کوئٹہ+پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے چھ افراد کو قتل کردیا۔ ہلاک افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور مجیب الرحمان قمبرانی کے مطابق واقعہ پنجگور سے تقریبا اسی کلو میٹر دور ایران سے ملحقہ علاقے پروم میں پھل آباد کے مقام پر پیش آیا جہاں علی الصبح نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ہلاک افراد میں نعیم جان ولد علی اس کا بیٹا محمد یونس ولد نعیم جان ، الیاس ولد مراد جان اور اس کا بھائی نواز ولد مراد جان، محمد امین ولد احمد اور ایک خاتون آمنہ بنت قادر بخش شامل ہیں جبکہ زخمی شخص کی شناخت راشد ولد رحیم جان کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر پنجگور اور لیویز موقع پر پہنچی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد پندرہ سے بیس تھی جو فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم واقعہ کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔