|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قوم کی آزادی اور سلامتی اپنے بہادر جنگجوؤں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی شے عظیم نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوانوں اور افسران کو فوجی اعزازات سے نوازا، شہداء کے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے جبکہ افسران اور جوانوں کو ستارہ امتیاز ملٹری، تمغہ بسالت اور دیگر ایوارڈز دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے سربراہ نے شہداء اور غازیوں کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

منفی پروپیگنڈا ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتا، آرمی چیف

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی شے عظیم نہیں، ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہداء کے بہادر خاندانوں کے بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء اور غازی ہمارے قومی ہیروز ہیں۔

کراچی کور کی اعزازات تفویض کرنے کی تقریب، افسران اور جوانوں کیلئے اعزازات

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ ہماری آزادی، سلامتی ان بہادر جنگجوؤں کی قربانیوں کی مرحون منت ہے، ہمارے شہداء در حقیقت قوم کے لیے امید اور استقامت کی کرن ہیں۔