|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2024

میانوالی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ہفتے کے روز میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے میجر بابر خان نیازی کی والد نور خان اور شہید کے بھائیوں سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی اس موقع پر صوبائی وزراء سردار سرفراز چاکر ڈومکی، میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی، آر پی او شارق کمال صدیقی اور ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ بھی موجود تھے

تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کی ناسور کے خلاف دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے میجر بابر خان نیازی پر ہمیں فخر ہے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے انہوں نے جس بہادری اور جواں مردی کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے یہ شہید کی پہلی جنگ نہیں تھی بلکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کئی محاذ پر بہادری سے لڑتے ہوئے کئی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا شہید پاک فوج کے ایک شیر جوان تھے

جس پر پوری قوم کو فخر ہے شہید ایک بہادر والد کے بہادر سپوت تھے ہم ان کے والد نور خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمت و عزم صبر و استحکام سے وطن عزیز کے لئے اپنے بہادر بیٹے کی شہادت کو خندہ دلی سے قبول کیا ایسے والد ایسے بہادر سپوت پیدا کرتے رہیں گے تو پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میجر بابر خان نیازی شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیا جائے گا ان کا خون ہمارے اور ہمارے لوگوں کی حفاظت کے لیے گرا ہے میجر بابر خان نیازی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بلوچستان کے بچوں کی حفاظت کی ہے

بلوچستان کی عوام میجر بابر خان نیازی کے مقروض ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہید میجر بابر خان نیازی کے پسماندگان کے لئے حکومت بلوچستان کی جانب سے اعلٰی ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی میں نے شہید کے والد سے کہا ہے کہ بلوچستان ان کا دوسرا گھر ہے ان کا مقدس خون وہاں گرا ہے آپ کا بلوچستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا ہمارا ہے

ہم آپ کی اس عظیم قربانی اور احسان کو کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے ہم یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ بلوچستان کا ایک ایک بچہ اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے ہم دہشت گردی کی اس جنگ میں متحد ہیں، دہشت گردوں کی ریاست کے خلاف اس جنگ اس کو ہم سب نے مل کر لڑنا ہے اور ہم سب نے یہ ثابت کرنا ہے کہ اس قوم کا ایک ایک فرد دہشت گردوں کی مذموم کاروائیوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ یکجہتی سے لڑنی ہے

بدقسمتی سے یکسوئی نہ ہونے کے باعث ہمیں جیتی ہوئی جنگیں دوبارہ لڑنی پڑتی ہیں اور ایسے شیر کھونے پڑتے ہیں دہشت گردی کے خلاف بحیثیت قوم گلگت سے لیکر گودار تک ہر پاکستانی بچہ سیسہ پلائی دیوار ہے جب تک ہماری مائیں میجر بابر خان نیازی جیسے شیر جنم دیتی رہیں گی تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹا سکتی۔