|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2024

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 3 ماہ میں تبدیلی کے اثرات ہر سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ موبائل کلینکس سے عام شہریوں کو صحت کی سہولت گھروں پر دستیاب ہو گی، پنجاب حکومت عام شہریوں خصوصاً خواتین کو دہلیز پر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں تبدیلی کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں، ہمارے ڈی ایچ کیو کے حالات بھی وزیرِ اعلیٰ کے علم میں ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مریم نواز اگلے ہفتے ڈی ایچ کیو کا دورہ کریں گی، ن لیگ کی لیڈرشپ کی نئی نسل اپنے بزرگوں کے نقشے قدم پر چل رہی ہے، خواتین کو ان کی دہلیز پر سہولتیں میسر ہوں گی۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ کلینک آن ویل میں میمو گرام کی سہولت ہو گی، کلینک آن ویل میں ڈینٹل اور آئی ڈاکٹر بھی موجود ہوں گے، یہ اقدامات جنوبی پنجاب میں عام انسان کی روز مرہ کی زندگی میں تبدیلی لائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جیسے مریم نواز نے 3 ماہ میں خدمت کی بنیاد رکھی، آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی، ہمارے شہر کے ترقیاتی کام سی ایم کی نظر میں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے نواز شریف اور سی ایم سے 4 منصوبوں کا ذکر کیا، سیالکوٹ میں رنگ روڈ بننے جا رہا ہے، تمام سرکاری دفاتر اور ویمن یونیورسٹی بھی شہر سے منتقل ہو گی، لاری اڈا بھی شہر سے منتقل ہو گا، جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سی ایم نے وعدہ کیا ہوا ہے کہ اس شہر میں آئی ٹی پارک بنایا جائے گا، ہم اقتدار میں اللّٰہ کے بعد عوام کے وسیلے سے ہیں، 5 سال کے لیے آپ نے حکومت ہمارے حوالے کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئے گی، معیشت نے سانس لینا شروع کر دی ہے، مخالفین جو ملک کے بھی مخالف ہیں وہ معاشی ابتری چاہتے ہیں، جو لوٹ مار انہوں نے کی اس کا احتساب ہو رہا ہے۔

وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ یہ اقتدار کی ہوس میں چیف جسٹس کو دبنگ کہہ رہے ہیں، چند دنوں تک آرمی چیف کو بھی کہیں گے، جنرل باجوہ کو تاحیات آفر کی، یہ اقتدار کے لیے بہت کچھ پیشکش کر سکتے ہیں، پنجاب میں ایک نئی نسل قیادت کر رہی ہے، ہمیں اُمید ہے، ناصرف پنجاب بلکہ ملک کا مستقبل نئے ہاتھوں میں منتقل ہو رہا ہے۔