|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2016

بدین: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے باغی رہنما اور سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے صوبہ سندھ بھر میں ہزاروں ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے پراپرٹی کا کاروبار کرنے والوں کے ناجائز اثاثوں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ ضلع بدین کے علاقے ٹنڈو باگو میں میونسپل اداروں میں مبینہ کرپشن کے خلاف اپنے گروپ کے کونسلرز کے مظاہرے کے دوران ڈان سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے سندھ میں بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض پورے صوبے کو اپنی کالونی بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو پراپرٹی کمپنیوں کے ذریعے سندھ کی زمینیں غصب کرنے سے روکا جانا چاہیے، جبکہ کراچی میں پانی کے بحران کی بڑی وجہ بھی یہی بحریہ ٹاؤن کا منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواب شاہ میں بھی سیکڑوں لوگ اس کمپنی کے منصوبوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ذوالفقار مرزا نے عوام سے صوبے میں زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف آگے آنے اور اُن کے مظاہرے میں شامل ہونے کی بھی اپیل کی۔