|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2024

مہنگائی سے پریشان عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری، بجلی مزید 3 روپے 41 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کل جمعہ کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا،سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست جمع کرا رکھی ہے۔

سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگ رکھا ہے، تاہم نیپرا بجلی کی قیمت میں اضافے کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 12ارب 26 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا ہوئی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 9 روپے 12 پیسے فی یونٹ رہی۔

فرنس آئل پر 31 روپے 44 فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 24 روپے ایک پیسہ فی یونٹ رہی، ایران سے 26 روپے 9 پیسے میں فی یونٹ بجلی درآمد کی گئی۔