|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2024

کوئٹہ:  صوبائی وزیر خزانہ و چئیرمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام میر شعیب نوشیروانی اور کو چیرمین و صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور احمد بلیدی کے زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری عمران زرکون، ایڈیشنل چیف سیکریٹری حافظ عبد الباسط , سکریٹری خزانہ بابر خان ، سیکریٹری انڈسٹریز نوراحمد پرکانی اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹ کے تحت عوام کی زندگی پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہونگے کوہٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے سرکولر روڈ پر تعمیر کی گئی پلازہ کو پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں

تاکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور غیر قانونی پارکنگ کی روک تھام عمل میں لایا جاسکے اور اس کے ساتھ مٹن مارکیٹ کی جگہ پر ایک جدید طرز بلڈنگ تعمیر کی جائیگی جس سے عوام کو روزگار ملے گا اور اس کے ساتھ شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ بھی کافی حد تک حل ہو جائے گا۔

صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف پروجیکٹس کا انعقاد عمل میں لایا جاسکے جس میں چمن ماسٹر پلان کے زریعے وہاں کے لوکل غریب لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ صوبے میں جو بھی پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا جایگا اس کے حوالے سے با ضابطہ طور پر سیکریٹری خزانہ کو مطلع کیا جائے تاکہ وہ سرکاری خزانے کی گنجائش کو دیکھ کر پروجیکٹس کی منظوری یا عدم منظوری عمل میں لائے۔اجلاس میں سولر سالٹ پروجیکٹ کور کلمت کی منظوری بھی دی گئی۔