|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2016

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور حلقہ پی بی50کے امیدوار کہدہ اکرم دشتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر او، پریزائیڈنگ آفیسر سمیت تمام ریاستی اداروں نے مل کر ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت انتخابی نتائج تبدیل کیئے اور ہماری جیت کو ہار میں بدل دیا ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر ہماری پارٹی قیادت اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ہم نے کسی کو دھاندلی کرنے کی اجازت نہیں دی اور پولنگ کو مکمل سنبھالا مگر الیکشن سے قبل منصوبہ بندی کے تحت تھیلے جعلی ووٹوں سے بھرے گئے کیونکہ ہمارے ایجنٹ نے الیکشن کے آخر تک جب گنتی مکمل کی گئی تو جو نتائج دیئے ان کے تحت جت جو میں اکبر آسکانی نے106ملاچات میں 62تلمب میں 75بلو میں 14اور مچات میں 3ووٹ حاصل کیئے تھے جبکہ الیکشن کے بعد ایک پولنگ میں گڑ بڑ کرنے کی کوشش میں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے پریزائیڈنگ آفیسر کو حراست میں لے کر بیلٹ بکس کے ساتھ تربت منتقل کیا اور ہم پارٹی قیادت کے ساتھ جب تربت میں الیکشن آفس پہنچے تو یہاں پر پہلے سے کاسٹ شدہ ووٹوں سے کئی گنا زیادہ ووٹ لائے گئے تھے اور حیرت انگیز طور پر آر او نے ایجنٹ کے دستخط شدہ ووٹوں کے برعکس ان جعلی ووٹوں قبول کیا حالانکہ سب لوگ جانتے ہیں کہ الیکشن میں ٹرن آؤٹ کا تناسب کتنا تھا اور الیکشن آفس میں کتنے ووٹ لائے گئے انہوں نے کہاکہ یہ منظم منصوبہ بندی تھی جس کے تحت عوام کی رائے پر شب خون مارنا تھا اس عمل میں ریاستی ادارے شریک تھے کیونکہ عوام نے2013کے الیکشن سے لے کر دونوں ضمنی انتخابات میں اپنا فیصلہ نیشنل پارٹی کے حق میں دیا تھا‘ ہم نے تاریخ کا سب سے کھٹن اور مشکل ترین الیکشن لڑاایک جانب سارے بندوق بردار تھے اور دوسری طرف جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والے لوگ تھے دھماکوں اور فائرنگ کے باوجود کارکنوں کا کھڑا رہنے جمہوریت کی فتح ہے انہوں نے کہاکہ 2013کے جنرل الیکشن سے لے کر ضمنی الیکشن تک ہم نے دھاندلی الیکشن ٹریبونل اور سپریم کورٹ میں ثابت کردی مگر محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے بیشتر ادارے سیاسی لوگوں کو پسند نہیں کرتے ہیں پی بی 50کے ری پولنگ میں نتیجہ کو منظم منصوبہ بندی کے تحت تبدیل کرنے کا عمل خود ریاست کے لیئے نیک شگون نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے عدلیہ کی بحالی، آزاد الیکشن کمیشن کے قیام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیئے طویل جدوجہد کی ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ نیشنل پارٹی ایسے غیر ضروری اور غیر مقبول عمل سے سیاسی جدوجہد ختم کریگی تو ان کی غلطی ہے کیوں کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جمہوری جدجہد کا ہر حال میں حصہ رہیں گے چاہے اس کی کتنی بھاری قیمت کیوں کہ چھکانی پڑے مگر جمہوری حق سے دستبرار کسی صورت نہیں ہونگے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدادشتی ‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی، چیئرمین حلیم بلوچ ،ضلعی صدر محمد طاہر، واجہ ابوالحسن، محمدجان دشتی‘کہدہ عزیز دشتی و دیگر موجود تھے۔