|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2024

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے خلاف جماعتِ اسلامی آج ملک گیر احتجاج کر رہی ہے، آج تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دھرنے دیے جا رہے ہیں۔

ایک بیان میں امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں بے تحاشہ ٹیکسز کے خلاف اسلام آباد میں 26 جولائی کو دھرنا دیا جائے گا، مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے، ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کے خلاف ہے، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ سلیب سسٹم پر عوام کو ریلیف دینا ہو گا، حکمراں آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کے بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام دشمن اقدامات کے خلاف ہم ’حق دو عوام کو‘ تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے، عدالتوں میں بھی جائیں گے، 26 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پُرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے، فارم 45 کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں، انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آدھا نہیں پورا قبول کیا جائے، آئی پی پیز کو بے نقاب کیا جائے۔

دوسری جانب کشمور میں جماعتِ اسلامی کا مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔

لاڑکانہ میں جماعتِ اسلامی کی اپیل پر مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف جناح باغ چوک پر مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔

عمرکوٹ میں جماعتِ اسلامی کا مہنگائی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر ظالمانہ ٹیکس عائد کر دیے۔

کندھ کوٹ میں جماعتِ اسلامی کا ٹیکسز، مہنگائی اور بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوا۔

احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بلوں پر بھاری ٹیکسز سے عوام مہنگائی کی چکی میں پیس رہے ہیں۔

لودھراں کے غوثیہ چوک پر جماعتِ اسلامی نے بجلی کی بڑھتی قیمتوں، مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف دھرنا دیا۔

امیر جماعتِ اسلامی لودھراں نے خطاب میں کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا، ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔