لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سوشو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت صوبے کے ہر گھر اور فرد کو رجسٹر کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں سوشل پروٹیکشن پروگرامز کا فائدہ اصل مستحقین تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو سوشیو اکنامک رجسٹری کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا۔
سوشو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کے مطابق صوبے بھر میں گھروں اور افراد کی تفصیلی رجسٹریشن کی جائے گی۔ہر گھرانے کی معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں مویشیوں کی تعداد کا بھی ریکارڈ رکھا جائے گا،صوبے بھر میں 5 ہزار رجسٹریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
عوام گھر بیٹھے پورٹل پر یا ہیلپ لائن کے ذریعے بھی رجسٹر ہو سکتے ہیں۔رجسٹرڈ افراد ای بائیک، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، ہیلتھ کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ اور سکالرشپ پروگرامز کے لیے اہل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا کہنا ہے کہ اس پراجیکٹ سے مستند ڈیٹا حاصل ہوگا جس سے حق اصل حقدار تک پہنچایا جا سکے گا۔ انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن سینٹرز پر آنے والے شہریوں کو آسانی فراہم کی جائے۔