کراچی: مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے بعد تحریک انصاف کی وکٹ بھی گرادی جس میں رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی حفیط الدین نے اسمبلی اور تحریک انصاف کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے 1970 سے سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بھی رہا، تحریک انصاف سے بھی تبدیلی کی امید تھی اور اس جماعت کو کراچی میں فعال کرنے کی بہت کوشش کی لیکن اس پلیٹ فارم سے کچھ حاصل نہیں ہوا کیوں کہ خان صاحب ناتجربہ کارلوگوں میں گھرے ہوئے ہیں۔
حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی پارلیمنٹ میں کوئی حیثیت نہیں جب کہ کراچی میں ادارے کام نہیں کررہے، شہرکے بلدیاتی اختیارات کبھی وزیراعظم اور کبھی وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں ہیں، بجلی، پانی اور ٹرانسپورٹ کے ناقص ترین انتظامات ہیں، شہر میں ادارے نہیں مافیا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کراچی کے مسائل پر پی ایچ ڈی ہیں، ان کےعزم سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی، انہیں موقع ضرور ملنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا راستہ صرف بھنگڑوں اور پنجاب کا نہیں ہوگا، ہمارا تبدیلی کا راستہ سندھ سے خیبر تک کا ہوگا اور ہم پاکستان کی گلی کوچوں میں تبدیلی کے لیے نکلیں گے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حفیظ الدین کوبہت سیاسی تجربہ ہے جس سےمستفید ہوں گے جب کہ ہم کسی کو لڑانے نہیں آئے، ہر کسی کو اپنی سوچ پر عمل کرنا چاہیے۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین بھی مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل
وقتِ اشاعت : April 22 – 2016