وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کر لیا۔
وکیل اوریا مقبول جان اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو گرفتار کیا۔
اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ اوریا مقبول کو گلبرگ سائبر کرائم کے آفس میں رکھا گیا ہے، اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔
اظہر صدیق نے بتایا کہ ہمیں ایف آئی ار کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں، اوریا مقبول جان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اوریا مقبول جان کے بیٹے سرمد عباسی نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوریا مقبول جان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں آج عدالت پیش کیا جائے گا۔
سرمد عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے میاں علی اشفاق کو اپنا وکیل مقرر کر لیا ہے، وہ ہمارے کیس میں آج عدالت میں پیش ہوں گے۔
اس سے قبل 28 جنوری 2024 کو چیف جسٹس آف پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی تشہیر پر ایف آئی اے کی جانب سے اوریا مقبول جان سمیت 47 صحافیوں اور یوٹیوبرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
یہ کمیٹی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 (تفتیش کے اختیار سے متعلق) کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم کی گئی 6 رکنی کمیٹی میں انٹر سروسز انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو، اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے نمائندے اور کوئی ایک شریک رکن شامل ہیں۔
واضح رہے گزشتہ برس 13 مئی 2023 کو بھی اوریا مقبول جان کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔