اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20ارب روپے گرانٹ کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ مزید 1لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ریکوڈک منصوبے کے سیکیورٹی چارجز کی مد میں 1ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دے دی، ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کے لیے رقم ایف سی بلوچستان کو ادا کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کے ساتھ ساتھ ایف سی ہیڈ کوارٹر نارتھ کے لیے 27 کروڑ 62 لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مزید ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو چینی برآمد کرنے پر ایڈوانس میں بینکنگ چینل سے رقوم منگوانا ہوں گی۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ صرف گنے کے کسانوں کو واجبات ادا کرنے والی ملز ہی
چینی برآمد کر سکیں گی جبکہ چینی کی 145 روپے فی کلو ریٹیل پرائس برقرار رکھنے کی شرط بھی ختم کردی گئی۔
ریٹیل پرائس 145 روپے فی کلو پر برقرار رکھنے کی شرط ختم کیے جانے کے بعد ملک میں چینی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر کی زیر صدارت ہونے والے شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں ملک میں موجود ایک لاکھ ٹن اضافی شوگر برآمد کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
اس سے قبل گزشتے ہفتے ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں بھی تاجکستان کو حکومتی سطح پر 40ہزار ٹن چینی برآمد کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت پہلے ہی گزشتہ ایک ماہ کے دوران افغانستان ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی برآمد کر چکی ہے۔
حکومت نے ملک میں چینی کی کمی اور قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اس کی برآمد پر چار سال تک پابندی عائد رکھی تھی لیکن گزشتہ ماہ حکومت کی جانب سے یہ پابندی ہٹالی گئی تھی۔