نائب وزیر اعظم محمد اسحٰق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور سیکیورٹی اداروں پر حملہ ہماری ریڈ لائن ہے، اسے کراس کرنے پر گنجائش نہیں رہے گی۔
لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویری کے 981 ویں عرس کی تقریبات کےآغاز کے موقع پر نائب وزیر اعظم محمد اسحٰق ڈار نے سبیل دودھ کا افتتاح کر دیا، میڈیا سے گفتگو میں اسحٰق ڈار نے کہا وفاق، چاروں صوبے، کشمیر اور گلگت بلتستان ایک گلدستہ کی مانند ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا اور تاقیامت قائم رہے گا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت بنا، میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
الیکٹرک چھتریوں کے منصوبے سے متعلق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ الحمداللہ آج ایک نئے منصوبے کا افتتاح ہوا ہے یہ مدینہ منورہ کے طرز پر مسجد سے لے کر غلام گردش تک آٹومیٹک چھتریوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ خود کھلتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ یہ اگلے عرس سے قبل تکمیل کو پہنچے، جبکہ داتا بار میں توسیع کا کام جاری ہے۔
نائب وزیر اعظم نے بتایا کہ دعا کریں کہ پاکستان کی بہتری، معاشی ترقی، خوشحالی کے لیے، یہ ملک ایک گلدستہ ہے جو کہ کلمہ شریف کے نام پر بنا ہے، اسکی حفاظت بھی اللہ تعالیٰ تاقیامت کریں گے، مسلم امہ کے 57 ممالک کی سربراہی کرنا اس ملک کی تقدیر ہے، اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو ان ہستیوں کی دعاؤں سے اور نبی ﷺ کے صدقے سے ایٹمی قوت بنایا، میاں محمد نواز شریف نے دسمبر 1998 میں اللہ کے فضل و کرم سے مثالی پروگرام کو ترتیب دیا، اس وقت میاں نواز شریف وزیر اعظم تھے، اور یہ خادم وزیر خزانہ تھا، آج پاکستان میزائیلی قوت بن چکا ہے، اور اب معاشی قوت بنانا ہے۔
سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا سیاسی عدم استحکام سے متعلق تبصرے میں کہنا تھا کہ اگر یہ کچھ سیاسی عدم استحکام نہ آتا ہے تو آج پاکستان معاشی قوت بن چکا ہوتا، 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، 2013 سے 2017 تک یہ ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، عالمی ادارے نے بھی پاکستان کو دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کی خبر دی تھی، آج مہنگائی کا طوفان ہے، بجلی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، رونے دھونے سے اب فائدہ نہیں ہے، لیکن 4 سال کے عرصے میں وہ ملک 47 ویں معیشت بن کر گر گیا، لیکن وزیر اعظم کی قیادت اور میاں نواز شریف کی رہنمائی میں دن رات کوششیں ہو رہی ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کیا جا سکے، معیشت کو ترقی دی جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 35 فیصد تھی جو کہ اب 11 فیصد پر آ چکی ہے، اسی طرح اللہ کے فضل وکرم سے دہشتگردی کا خاتمہ دوبارہ ہوگا، میاں نواز شریف کے دور میں دہشتگردی کا خاتمہ ختم کیا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میاں نواز شریف کے دور میں ہوا، ہم سب کی محنت سے پاکستان وہ مقام حاصل کرے گا، جس کا خواب علامہ اقبال اور قائداعظم نے دیکھا تھا۔
صحافیوں کے سوال پر اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب نے 14 روپے فی یونٹ کم کیا ہے تو آپ دوسرے صوبوں پر ٹھوس نہیں سکتے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ریلیف کے اقدامات پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو حل طلب نہ ہو، پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گےتو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ 126 دن کا جو دھرنا میری وجہ سے مذاکرات پر ختم ہوا، قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے، پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق کہا کہ اسلام آباد کے چیف کمشنر نے حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا، آپ جان بوجھ کر ایسا دن منتخب نہ کریں کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنے پڑے، مقام اور دن کا تعین ایسا کریں کہ سرکاری کام میں خرابی نہ ہو۔
2013 میں 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ تھی، ہر ہفتے درجنوں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے تھے، بین الاقوامی ادارے کہتے تھے 10 سے 15 سال پاکستان کو لگیں گے، کتنا وقت لگا؟ ہمیں ساڑھے تین سال لگے، دنیا بھر کے بین الاقوامی اداروں کے صدور نے پاکستان کی تعریف کی۔
عرس کی تقریب کے موقع پر محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے شائع کی گئی تین کتب کی رونمائی کر دی۔