|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

شنگھائی: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کا سرکاری دورہ کرنے والے اپنے وفد کے ہمراہ شنگھائی ہونگ چیاؤ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔ یہ اعلیٰ سطحی وفد ان دنوں چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہے جس میں سینیٹر آغا شہباز درانی، چیئرمین جی پی اے دوستین جمالدینی اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین خواجہ ہمایوں نظامی کے علاوہ دیگر وفاقی وصوبائی حکام بھی شامل ہیں۔ وفد کے دورے کا مقصد اقتصادی راہداری کے تحت بلوچستان میں فری ٹریڈ زونزکے قیام اور ٹرانسپورٹیشن کے منصوبوں کے لئے متعلقہ چینی حکام اور کمپنیوں سے بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ چین کے فری ٹریڈ زونز اور اکنامک زون کے علاوہ ٹرانسپورٹیش کے نظام کاجائزہ بھی لینا ہے تاکہ چینی ماڈل کے طرز پر بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں فری ٹریڈ زونز قائم کئے جاسکیں اور ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ sana 1اس حوالے سے وفد کو شنگھائی کے مغربی علاقے میں قائم شنگھائی ہونگ چیاؤ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے دورکے موقع پر چینی حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ علاقہ چین کے مشرقی ساحل کے لئے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا ہب ہے جو نہ صرف ٹرین سڑک اور فضائی راستوں سے تجارتی اور کاروباری نظام کو اکنامک زونز اور ملک کی مشرقی بندرگاہوں سے منسلک کرتا ہے بلکہ چین کو پوری دنیا سے بھی ملاتا ہے۔وفد نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے بنیادی ڈھانچہ بجلی ، گیس اور پانی کی سپلائی اور مواصلاتی نظام کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بزنس ڈسٹرکٹ کے نظام کو سراہا وفد نے شنگھائی فری ٹریڈ زون کا بھی دورہ کیا دورہ کیا جہاں شنگھائی کے سپیشل فری ٹریڈ زون کی طرز پر گوادر میں فری ٹریڈ زون کے قیام کے حوالے سے متعلقہ چینی حکام سے بات چیت کی گئی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کی ترقی اور اقتصادی راہداری کے تناظر میں وہاں فری ٹریڈ زون کا قیام حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے انہوں نے اس امیدکا اظہار کیا کہ چین گوادر کی مجموعی ترقی بالخصوص ٹریڈ زون کے قیام میں بھرپور تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ اور وفد کے اراکین نے شنگھائی سپیشل ٹریڈ زون کی مینجمنٹ اور بزنس کے مختلف پہلوؤں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا بالخصوص ون ونڈوآپریشن کے تحت سرمایہ کار کمپنیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی وفد نے شنگھائی کمپری ہینسوٹرانسپورٹ ہب کا معائنہ بھی کیا اور ٹرانسپورٹیشن کے نظام کا جائزہ لیا ۔ وفد کو اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔