|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2024

چینی بری فوج کے سربراہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی بری فوج کے کمانڈر اور جنرل عاصم منیر کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سی او ایس جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بھائی چارے کے ثبوت کے طور پر جاری دوطرفہ فوجی تعاون کو اجاگر کیا۔

دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے پاک فوج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔