|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2024

چین کے بڑے کاروباری گروپ نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری نے انہیں غیرمعمولی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔

ہیگزنگ گروپ چین کے چیئرمین لیانگ ژانگ زہو نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری  عبدالعلیم خان سے ملاقات  کی۔ ملاقات کے دوران ہیگزنگ گروپ چین کے چیئرمین لیانگ ژانگ زہو نے کہا کہ وہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا اور یہاں فیکٹریاں لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انورٹرز اور بیٹریز کی تیاری کایہ پاکستان میں پہلا باقاعدہ ادارہ ہوگا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ چین سمیت پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سب کو غیر معمولی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ نئی فیکٹریا ں لگانے سے ملک میں ر وزگار کی فراہمی اور ایکسپورٹ کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی اور نئی فیکٹریوں کا بڑے پیمانے پر قیام خوش آئند اقدام ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چین کے سرمایہ کاروں کیلئے خیر سگالی کا سفیر بننے کے عزم کا اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے الیکٹریکل کے شعبے میں فیکٹریاں قائم ہونا ملکی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، چین سے سرمایہ کاری میں ہمارے ادارے بھرپور حصہ لیں گے۔ ہیگزنگ گروپ اور ایشیا گروپ کے سی ای او ژو گونیتگ اور ڈائریکٹر سیلز ما ژو ٹینگ کی بھی وفاقی وزیر کو سرمایہ کاری پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر ایچ آر یورپ جنید حسین نے اپنے گروپ کے پاکستان میں مجوزہ منصوبوں اور سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔