وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں اور جوانوں کی جرأت و بہادری ہماری پہچان ہے۔
یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن ہے، جب افواج نے وطن کا بھرپور دفاع کیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہداء نے ثابت کیا کہ قومیں جنگ ہتھیاروں سے نہیں ایمان اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور سب سے پہلے پاکستان ہے، 6 ستمبر قربانیوں اور فتح کا دن ہے، ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والے دہشتگرد ہیں، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ دہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع دے رہے ہیں، ریاست کی رٹ سب کو تسلیم کرنا ہوگی، جلد تمام صوبوں کا دورہ کریں گے، مذہب کے نام کسی کو قتل کی اجازت نہیں، جس آگ میں ہمیں دھکیلا جا رہا ہے اس سے نکلنا ہے۔
یاد رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔