وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج کے جوانوں نے ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع زمینی اور فضائی حدود پر ناقابلِ تسخیر ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا سبق ہے کہ اگر جذبے صادق ہوں تو کوئی ملک یا قوم آپ کو شکست نہیں دے سکتی۔
احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ 6 ستمبر کو پاک فضائیہ نے دشمن سے عددی لحاظ سے کم ہو کر بھی ملکی دفاع پر آنچ نہ آنے دی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
آج کا دن پاکستانی فوج کے ہاتھوں دشمن کے دانت کھٹے ہونے کا دن ہے۔
پاک فوج نے 6 ستمبر 1965ء کو رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کرنے والے بزدل دشمن کے ارادے خاک میں ملا دیے تھے۔