|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2024

وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ملک پر دوبارہ مسلط کرنے کے لیے مہم چلائی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یروشلم پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا، اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ مسلط کرنےکے لیے مہم چلائی جارہی ہے، ایٹمی قوت بننےکے بعدپاکستان صیہونی لابی کی آنکھوں میں کھٹک رہاہے، پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر کھوکھلا کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 2013 سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رکھی ہے، نفرت کی سیاست نےپاکستان میں بدترین تقسیم پیدا کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے میئر لندن کے الیکشن میں پاکستانی نژاد کی کھلم کھلا مخالفت کی، لوگ اب سمجھ گئے ہیں پروجیکٹ بانی پی ٹی کے پیچھے کون ہے، صیہونی لابی ہمیشہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو نشانہ بناتی ہے۔