|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2016

بیجنگ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، مشیر خارجہ سرتاج عزیزاور پاکستان وفد نے جمعرات کے روز چین کے دارالحکومت میں مصروف دن گذارا پاکستانی وفد جس میں آغا شہباز درانی، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس چےئرمین خواجہ ہمایوں نظامی اور دیگر وفاقی و صوبائی حکام شامل ہیں چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہے۔ دورے کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے جبکہ بلوچستان میں فری ٹریڈ زونز کا قیام اور گوادر کی ترقیاتی منصوبوں کو بھی دورے میں ترجیح حاصل ہے وفد نے منسٹری آف کامرس میں اقتصادی راہداری کے دو اہم منصوبوں کی مفاہمتی یاداشت کی منعقدہ تقریب میں شرکت کی ان منصوبوں میں بیجنگ قراقرم ہائی وے فیز ٹو اور ملتان سکھر موٹر وے شامل ہیں وفد نے ون بیلٹ ، ون روڈ سی پیک فورم برائے ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹریکشن کو آپریشن میں شرکت کی جس کا انعقاد چین پاکستان انویسٹمنٹ کمپنی، ایف ڈبلیواواور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف چائنا نے کیاتھا۔ فورم میں مقررین نے اقتصادی راہداری کے حوالے سے توانائی اور مواصلات سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر اظہار خیال کیااور اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ اقتصادی راہداری اور اس کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں پاکستانی وفد کے دورے اور چینی حکام کے ساتھ ملاقاتوں اور مذاکرات کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ وفدنے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن آف چائنا کے چےئرمین مسٹر ژوشاؤشی اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک عمل کے فروغ اور اقتصادی راہداری سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور تمام امور پر مکمل ہم آہنگی اور اتفاق رائے پایاگیا ۔