اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں پر حملے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ائرپورٹ کے قریب دہشت گردی کے واقعے میں 2 چینی انجینئرز جان سے گئے اور ایک زخمی ہوا۔ پاکستان اس واقعے میں چین اور پاکستان دونوں کے متاثر ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی پاک چین پائیدار دوستی پر حملہ تصور کرتے ہیں اور اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور پاکستان اور چینی شہریوں کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کو اعادہ کرتی ہے۔