|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر لی چیانگ کا استقبال کیا، چینی وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے گئے اور 21توپوں کی سلامی دی گئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا
اسلا م آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کیلئے چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے، چینی وزیر اعظم لی کیانگ آج تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، 11 سال میں کسی بھی چینی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر چینی وزیراعظم کاپرتپاک استقبال کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

چینی وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے گئے اور 21توپوں کی سلامی دی گئی۔بعد ازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِ اعظم ہاوس روانہ ہوگئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

چینی وزیراعظم کے دورے کا مقصدکا مقصد شنگھائی کانفرنس میں شرکت کرنا، بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور چینی صدر ژی کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو نئی تحریک دینا ہے۔

پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی۔چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماوں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔معزز مہمان گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہوگی۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں وزرائے اعظم چین اور پاکستان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے جس میں سی پیک 2 کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے منصوبے بھی شامل ہیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جن کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینئر حکام شامل ہوں گے۔ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت، چین، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔