|

وقتِ اشاعت :   April 30 – 2016

کوٹلی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاناما لیکس کے انکشافات کی تحقیقات سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پر جب کرشن کے الزامات لگے تھے تب وزیراعظم نواز شریف نے ان سے استفعے کا مطالبہ کیا تھا۔ موجودہ حکومت کی کرپشن کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ہندوستان کی زیر انتظام کشمیر میں قابض فوجوں کے ظلم و ستم کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک نہتے کشمیریوں کا قتل بند نہیں ہوگا،دنیا میں امن نہیں آسکتا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا دعویٰ تھا کہ وزیراعظم نے کبھی کشمیریوں پر ظلم کی مذمت نہیں کی اور گذشتہ 3 سال میں کسی بھی فورم پر کشمیر پر کھل کر بات نہیں کی گئی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔