|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2024

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک دورے کے لیے لاہور ایئر پورٹ سے دبئی روانہ ہو گئے، لندن میں ان کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

 مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے روانہ ہوئے، جس نے صبح 9 بج کر 22 منٹ پر اڑان بھری۔

 پارٹی ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں نواز شریف ایک روز قیام کرنے کے بعد لندن جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 29اکتوبر کو لندن سے نوازشریف امریکا جائیں گے، جہاں وہ 4 روز رکنے کے بعد واپس لندن پہنچیں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے والے دنوں میں ایک اہم آئینی ترمیم کی منظوری کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے تو دوسری طرف پارٹی کے قائد مبینہ طور پر بیرون ملک دورے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اکتوبر کے پہلے ہفتے میں امریکا اور برطانیہ کے نجی دورے پر روانہ ہوں گے۔

ان کے لندن کے اس دورے پر ممکنہ طبی معائنے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

تاہم سینیٹ کے بعد 21 اکتوبر کو 26ویں آئینی ترمیمی بل ایوان زیریں سے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو گیا تھا، جس کے بعد ایک مہینے سے جاری سیاسی مذاکرات کا عمل پیر کی صبح اپنے اختتام کو پہنچ گیا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد میاں نواز شریف نے کہا تھا کہ ’میں چاہتا تھا کہ خواجہ صاحب اپنی تقریر کے اختتام پر ایک چھوٹا سا شعر پڑھ دیں،جو میں لکھ کر انہیں دینا چاہ رہا تھا لیکن انہوں نے جلدی سے اپنی تقریر ختم کردی‘۔

نواز شریف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’عدلیہ کے ہاتھوں جو دکھ ہم نے اٹھائے ہیں تو عدلیہ کے کردار پر ایک شعر ہے‘، پھر انہوں نے یہ شعر پڑھا؛

ناز و انداز سے کہتے ہیں کہ جینا ہوگا زہر بھی دیتے ہیں تو کہتے ہیں کہ پینا ہوگا جب میں پیتا ہوں تو کہتے ہیں کہ مرتا بھی نہیں جب میں مرتا ہوں تو کہتے ہیں کہ جینا ہوگا

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *