|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2024

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کیے گئے ایک مظاہرے کے دوران گرفتار جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 24 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔

 انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے فلسطین کے حق میں احتجاج کے حوالے سے مظاہرین کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کی۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈاکٹر مشتاق احمد سمیت 24 ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی اور ملزمان کو 10، 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ 3 روز قبل اسلام آباد میں فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی جس کے بعد کیپیٹل پولیس نے سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 55 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے مجموعی طور پر 55 کارکنان کو گرفتار کیا جنہیں آبپارہ کوہسار اور مارگلہ میں منتقل کیا گیا۔