کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ اللہ یار کے عوام کو ان کی زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے، اراکین بلوچستان اسمبلی اور ان کے اہلخانہ کو تاحیات بلیو پاسپورٹ جاری کرنے، جعفرآباد میں سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کی تین الگ الگ قراردادیں منظور کر لی گئیں۔
پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ اللہ یار کے عوام کو ان کی زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ اللہ یار کے عوام جن زمینوں پر عرصہ دراز سے آباد ہیں۔
انہیں ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ان زمینوں کے مالکانہ حقوق نہیں دیئے گئے ہیں جس کی بنا انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
اس بابت مورخہ 03 فروری 2009ء کو بلوچستان اسمبلی سے باقاعدہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور ہوئی تھی۔
لیکن 15 سال کا ایک طویل دورانیہ گزرنے کے باوجود ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ اللہ یار میں آباد عوام کو ان کی زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے کی بابت کوئی خاطر خواہ اقدامات تا حال نہیں اٹھائے گئے ہیں۔
لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ اللہ یار میں آباد عوام کے جائز مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ان کی زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے کی بابت فوری اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے تاکہ علاقے کے لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی اور احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد سے ڈیرہ اللہ یار کا لفظ حذف کیا جائے۔
صوبائی وزیر ریونیو میر عاصم کرد گیلون نے یقین دہانی کروائی کہ مسئلے کو آئندہ چند روز میں حل کر لیا جائے گا، جس کے بعد قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی سیکرٹری ہادیہ نواز نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد اراکین بلوچستان صوبائی اسمبلی کو بلیو / آفیشل پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو صرف ان کے عہدے کی مدت تک جاری کئے جاتے ہیں۔
جبکہ ان کے فیملی ممبران کو اس سہولت سے یکسر محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے اراکین بلوچستان اسمبلی کو بیرون ملک سفر کے دوران اپنے فیملی ممبر کو ساتھ لے جانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ معزز اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی اور ان کے فیملی ممبرز کو تاحیات بلیو / آفیشل پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں۔
لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ اراکین بلوچستان صوبائی اسمبلی اور ان کے فیملی ممبرز کو بھی تاحیات بلیو / آفیشل پاسپورٹس کے اجراء کے لئے پاسپورٹ مینول میں ضروری ترمیم عمل میں لانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔
تاکہ اراکین بلوچستان صوبائی اسمبلی اور ان کے فیملی ممبرز کو درپیش دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے، اس پر وفاق سے رجوع کیا جائے۔
بعدازاں قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے جعفرآباد میں سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کے حوالے سے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر گاہ کہ سردار بہادر خان ویمنز یونیورسٹی (SBK) کوئٹہ میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لئے ایک اہم ادارہ ہے اور یہ صوبہ بلوچستان میں طالبات کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چونکہ ضلع جعفر آباد سے تقریباً 300 طالبات اس وقت SBK یونیورسٹی کوئٹہ میں داخلہ لے چکی ہیں، جو کہ ضلع کی آبادی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی نمایاں طلب کو ظاہر کرتی ہے۔
چونکہ جعفر آباد کوئٹہ سے جغرافیائی لحاظ سے دور ہے جس سے بہت سے طالب علموں اور ان کے خاندانوں کے لئے لاجسٹک اور مالی مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور اس سے ضلع میں بڑے پیمانے پر آبادی کو معیاری تعلیم تک رسائی محدود ہو جاتی ہے۔
اگر SBK یونیورسٹی کا ایک سب کیمپس جعفر آباد میں قائم کیا جائے تو اس سے علاقے کی خواتین کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کی رسائی حاصل ہوگی جس سے زیادہ سے زیادہ نوجوان خواتین کو اپنے تعلیمی مقاصد حاصل کرنے کی ترغیب ملے گی۔
لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ ضلع جعفر آباد میں SBK یونیورسٹی کے ایک سب کیمپس کے قیام کی بابت فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔
تاکہ جعفر آباد اور ملحقہ علاقوں کی خواتین کے لئے معیاری تعلیم کے مواقع کو وسعت دی جا سکے۔
ایوان نے قرارداد کو منظور کر لیا۔
اجلاس میں نیشنل پارٹی کے رکن میر رحمت صالح بلوچ کا توجہ دلائینوٹس ان کی عدم موجودگی کی بنا پر موخر کر دیا گیا۔
بعد ازاں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق اچکزئی نے گورنر بلوچستان کا حکم نامہ پڑھ کر سناتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا۔
Leave a Reply