پاکستان کی جانب سے لبنان اور غزہ کے لیے 17ویں امدادی کھیپ روانہ کردی گئی۔
اسرائیلی بمباری سے متاثرہ غزہ اور لبنان کے لیے پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امدادی کھیپ میں ادویات، کھانا،چاول، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
’جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے امدادی سامان کی سترہویں کھیپ روانہ کی گئی، جہاز 17 ٹن امدادی سامان لے کر بیروت پہنچے گا‘۔
سامان کی روانگی کی تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان موجود تھے۔
اس سے قبل ایک امدادی کھیپ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھیجی گئی تھی، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے وزیراعظم بیرسٹر عقیل ملک نے فلسطین اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیرمتزلزل حمایت اور فراخدلی سے دی جانے والی انسانی امداد کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں یکجہتی امید کی کرن اور ہمارے درمیان پائیدار بندھن کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے لبنان اور غزہ کے لیے مجموعی طور پر ایک ہزار 610 ٹن امدادی سامان بھجوا چکا ہے، ان امدادی کھیپ میں ادویات، تیار کھانا، چاول، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔
Leave a Reply