|

وقتِ اشاعت :   17 hours پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق اسکالرشپ ملے گی۔ میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے۔

لاہور میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے بھی تین بچے ہیں جو ان کےلیے سوچتی ہوں وہ ہی آپ کےلیے سوچتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ کے والدین بہتر تعلیم دینے کےلیے دن رات کام کرتے ہیں، آپ کی تعلیم آپ کے ماں باپ سے زیادہ مریم نواز کی ذمہ داری ہے۔ یہ صرف اسکالر شپ نہیں، یہ آپ کی محنت کو تسلیم کرنا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ آج میں سیاسی لیڈر، یا وزیراعلیٰ نہیں بطور ماں آپ سے مخاطب ہوں۔ ریاست کو ماں کی طرح ہونا چاہیے۔ پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ جو اپنے بچوں کےلیے سوچتی ہوں وہ ہی پنجاب کے بچوں کےلیے سوچتی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 30 ہزار اسکالر شپس کےلیے 70 ہزار درخواستیں آئیں۔ اسکالرشپ کے اجرا میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں چاہتی تھی۔ طلبہ کا خواب اب میرا خواب اور میری ذمہ داری بن گیا ہے۔ 60 فی صد اسکالرشپس طالبات کو مل رہی ہیں، 30 ہزار اسکالرشپس میں سے 18 ہزار لڑکیاں، 12 ہزار لڑکے ہیں۔ تمام اسکالرشپس سو فیصد میرٹ پر دی گئیں۔ کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق اسکالرشپ ملے گی۔

انکا کہنا تھا کہ 10 مہینے کے دوران میں نے ایک بھی تقرری میرٹ سے ہٹ کر نہیں کی۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں کوئی تعیناتی بغیر میرٹ کے نہیں کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ طلبہ کے لیے بہت جلد لیپ ٹاپس بھی لارہی ہوں۔ لیپ ٹاپ ہو یا دوسری چیز طلبہ کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے۔ سیاست دان اور لیڈر کی پہچان یہ نہیں کہ کتنے بڑے عہدے پر ہے یا اچھی تقریر کرلے۔ سیاستدان اور لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ آنے والی نسلوں میں کتنی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چاہتی ہوں کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم اور کوالٹی ٹیچنگ ہو۔ وعدہ ہے کہ یونیورسٹی اور کالجز میں تعلیمی معیار کو بہتر کرکے جائیں گے۔ کوشش ہے کہ دنیا بھر کی معروف یونیورسٹیوں کے کیمپس یہاں لائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو ٹرانسپورٹ کےلیے ای بائیکس کی ضرورت پڑی تو وہ بھی میں دوں گی۔ پنجاب کے طلبا کےلیے جلد لیب ٹاپ اسکیم لے کر آرہی ہوں۔ میرے تمام منصوبوں کا فوکس پنجاب کے طلباء اور طالبات ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر جگہ ہزاروں انٹرنز 60 ہزار روپے ماہانہ پر رکھے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں وعدہ ضرور پورا کرتی ہوں۔ جو اسکالرشپ آپ کو ملی ہے یہ آپ پر کوئی احسان نہیں۔ یہ اسکالرشپ آپ نے اپنی محنت سے حاصل کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری جیب سے نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے۔ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تو تھا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی نعمت 65 فیصد یوتھ ہے، جو محنت ہم باہر جا کر کرتے ہیں اپنے ملک میں کریں تو سوچو ہمارا ملک کتنا ترقی کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں بندوق، غلیل، پتھر، کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کا چہرہ نہیں ہو سکتا، یہ چہرہ یونیورسٹیز میں پڑھتا اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے بچوں کو سیف جگہ پر بٹھایا ہوا ہے، ان پر آنچ بھی نہیں آ سکتی۔ بیلاروس کے صدر پاکستان آئے ہوئے تھے، وہ کیا چہرہ دیکھ کر گئے ہیں پاکستان کا؟ میں نے منع کیا تھا کہ آگے سے گولی نہیں چلانی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *