وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری معیشت درست سمت پر ہے اور سفر طویل ہے۔
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ترقی کے سنگِ میل عبور کیے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہوئی ہے، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سہ ماہی بنیادوں پر معاشی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کر رہے ہیں، معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کو متعارف کروانا ہے، وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے قرضوں کے بوجھ اور سود کی ادائیگی میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے اداروں میں اصلاحات ناگزیر ہیں، معیشت کو آگے لے جانے کے لیے اسٹاک مارکیٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
بعد ازاں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال پہلے لگائے جانے والے تمام اسٹاک مارکیٹوں کے انضمام کا پودا اب تناور درخت بن چکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا کے بعد مختلف ممالک کی معیشتوں کو دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا۔
Leave a Reply