وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو رہی ہے۔
کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے، ملک میں معاشی طور پر استحکام آیا ہے، ہمیں آئی ایم ایف کی کمٹمنٹ کو پورا کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ وقت آئے گا ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے، 6 ماہ میں ٹیکس ٹارگٹ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں کراچی کی روشنیاں ختم ہو گئی تھیں، یہاں اب روشنیاں دوبارہ آ گئی ہیں، کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہر چیز اچھی ہے تو ہم احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اڑانِ پاکستان پروگرام سے معاشی ترقی اور سماجی خوش حالی آئے گی، معیشت میں بہتری کے لیے تجربہ کار معاشی ماہرین ہماری رہنمائی کریں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ کا وسیع تجربہ ملکی معیشت کی بہتری میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لاہور، کوئٹہ، پشاور، کراچی کے ماہرین تجاویز اور سفارشات دیں۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، معیشت کی مزید بہتری کے لیے قابلِ عمل سفارشات چاہئیں، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا اور ہمیں اسے عظیم بنانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ محصولات میں اضافہ خوش آئند ہے، پاکستان کو اللّٰہ تعالیٰ نے اربوں ڈالرز کے خزانے دیے ہیں، معیشت کی بہتری میں نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس سے قبل آج صبح وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روز کے دورے پر کراچی پہنچے تھے۔
فیصل بیس پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا تھا۔
Leave a Reply