|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

حکومت پاکستان (روینو ڈویژن)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ہمسائیہ ملک ایران کے ساتھ چوتھے آفیشل بارڈر کراسنگ پوائنٹ کوہک چیدگی پنجگور کو نوٹیفائی کردیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکرٹری (ٹرانزٹ اینڈ بارڈر ٹریڈ)زبیر شاہ کے دستخط سے جاری کئے گئے مراسلہ نمبرC.No.1(3)T&BT/2015-3861-Rمیں کلکٹریٹ آف کسٹم اپریزننٹ ،کسٹمز ہاؤس گوادر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاک ایران چوتھے کراسنگ پوائنٹ کوہک چیدگی پنجگور کے سلسلے میں درکار اقدامات اٹھائے اور اس بابت درکار انفراسٹرکچر کےلئے دیگراسٹیک ہولڈرز کے ہمراہ اقدامات اٹھا کر پیش رفت رپورٹ پیش کریں۔دریں اثناء ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر محمد ایوب مریانی،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ اور نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ نے کوہک چیدگی پنجگور کراسنگ پوائنٹ کو نوٹی فائی کرنے کے اقدام کو صوبے کی بزنس کمیونٹی ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کےلئے ہوا کا تازہ جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان نے صوبے کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے ساتھ کیا ایک اور وعدہ وفا کر دیا ہے اس سے صوبے اور پنجگور میں کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت مزید مستحکم ہوگی

انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ کراسنگ پوائنٹ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر فورم پر صدائے حق بھی بلند کی جاتی رہی ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مذکورہ کراسنگ پوائنٹ کو نوٹی فائی کئے جانے کے بعد اب دونوں ممالک کے مابین باقاعدہ تجارت بھی شروع ہو گی اور مقامی آبادی کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے یہی نہیں چوتھے بارڈر کراسنگ پوائنٹ سے صوبے کے درآمدی و برآمدی شعبہ جات سے وابستہ افراد کو سہولیات میسر آئیں گی اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین قانونی تجارت کو مزید فروغ ملے گا بلکہ اسمگلنگ کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *