راولپنڈی: پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے میں پیغام رسانی کا کردار ادا کیا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اسد قیصر نے اسپیکر ایاز صادق سے ٹیلیفونک رابطے میں مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔
عمران خان سے ملاقات کے لیے علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کی پارٹی چئرمین سے ون آن ون ملاقات جاری ہے جبکہ مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان بعد میں عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن علامہ راجہ ناصر عباس کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا امید ہے سرویلنس سے پاک ماحول میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا پچھلی مرتبہ گئے تو ڈیڑھ گھنٹے ملاقات کیلیے انتظار کرتے رہے، ابھی ملاقات ہونا اہم ہے اور مناسب جگہ اور وقت ہونا چاہیے، ملاقات کے لیے اتنا مناسب وقت تو ہو کہ بات مکمل ہوسکے، حکومت کو تنگ نظری کے بجائے کشادہ دلی دکھانی چاہیے۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ وہ دیگر ارکان کے ساتھ آج دن ڈھائی بجے بانی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے، ملاقات کے لیے جانیوالوں میں اسد قیصر، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ اور سینیٹرناصرعباس شامل ہیں۔
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی دوسری بیٹھک میں طے پایا تھا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات تحریری شکل میں پیش کرے گی۔
گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق حکومت اور اتحادی فیصلہ کرلیں تو فریقین جب کہیں گے ایک دو روز کے نوٹس پر اجلاس بُلانے کو تیار ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے یہ طے پایا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو ہدایات لینے کے لیے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی تاہم تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ حکومت اپنی بات سے مکر گئی ہے اور عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔
چند روز قبل حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا ہمیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینی چاہیے، ہم اپنی شرائط پوری کریں گے تو مذاکرات کے دوران ہماری بات میں وزن ہو گا۔
Leave a Reply