|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوری میں ماہ بہ ماہ مہنگائی بڑھنے کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح 2.4 فیصد پر آگئی ہے، جبکہ سعودی عرب نے ایک سال کی موخر ادائیگی پر 1.2 ارب ڈالر کا تیل درآمد کرنے کی سہولت فراہم کردی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جمرود میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 4.1 فیصد تک کم ہوئی، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا خوش آئندہ ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اب پوری کاوش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، اس کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں کی پوری توجہ ہونی چاہیے، اسی حوالے سے ہم آگے بڑھیں گے اور یہی ہمارے لیے چیلنج ہے کہ معاشی نمو کو کس طرح بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے تاخیر ادائیگی پر تیل درآمد کرنے کی سہولت دسمبر 2023 میں ختم ہوگئی تھی، سعودی ولی عہد کی ہدایت پر ایک وفد نے کل پاکستان کا دورہ کیا ہے اور تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ سعودی سہولت کے نتیجے میں ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی، اب حوصلہ ملنا چاہیے اور سرمایہ کاری لانی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے آبی منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے، اس کے علاوہ ایس ایف ڈی فنڈ کی 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ سے کنگ سلمان ہسپتال بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل 5 فروری کو پوری قوم ملی جوش و جذبے سے ’یوم یکجہتی کشمیر‘ منائے گی اور پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی تحریک آزادی سے اظہار یکجہتی کرے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کل سندھ اور بلوچستان میں زرعی ٹیکس کا قانون منظور کرلیا گیا ہے، اب چاروں صوبوں نے آئی ایم ایف کا مطالبہ پورا کردیا ہے، انہوں نے زرعی ٹیکس سے متعلق قانون سازی کرنے پر صدر زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا، گزشتہ سال رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے بے پناہ شکایات تھیں جس کا حل یہ نکالا ہے کہ مائنس یوٹیلٹی اسٹور رمضان پیکیج لایا جائے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *