ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتا ہے، کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ مشترکا پریس کانفرنس کے دوران صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ فلسطینی بہن بھائیوں کی مددہمارافرض ہے، دنیا کے ہر فورم پر فلسطین کیلئے آواز بلند کی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی میں شہیدہونےوالوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کےعوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، قائداعظم محمدعلی جناح، علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں۔ پاکستان کے ساتھ 24معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پراتفاق ہوا، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں میں5ارب ڈالرکےتجارتی حجم پربات چیت ہوئی، صدر آصف زرداری سے ملاقات میں تجارتی امور پر گفتگوہوئی، باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان موجود تھے۔
دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلامیہ پر دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشتوں میں سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری اور سول پرسنلز کے تبادلے، ایئرفورس الیکٹرانک وارفیئر، ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون، ہائیڈروکاربنز کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم، کان کنی، انرجی ٹرانزیشن، پانی کے شعبے، زرعی بیجوں، لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر، صنعتی پراپرٹی، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
اس کے علاوہ ایکسپورٹ کریڈٹ بینک ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک پاکستان کے درمیان معاہدہ، تجارتی سرٹیفکیٹ کے ماخذ کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن، حلال ایکریڈیٹیشن اتھارٹی اور پاکستانی اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت، تعلقات عامہ، میڈیا اور کمیونیکیشنز کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
Leave a Reply