وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی قومی مجرم ہیں انہیں ہٹا کر ایماندار قیادت سامنے لائی جائے، اپوزیشن پاکستان کی ترقی کی وجہ سے پریشان ہے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حالات اب یہ ہو گئے ہیں کہ اپوزیشن خالی کرسیوں کے ساتھ کانفرنس کر رہی ہے، بانئ پی ٹی آئی نے لندن سے ملنے والا چوری کا پیسہ اسی چور کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ساری پی ٹی آئی کی ایک ہی اُمید ہے کہ شاید امریکا مائی باپ بن کر نجات دلائے، یہ تو لطیفہ ہے کہ امریکا بانئ پی ٹی آئی کو رہائی دلائے گا، پھر بانئ پی ٹی آئی رہا ہو کر پاکستان کو امریکا کی غلامی سے رہائی دلائیں گے؟
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ اس قسم کے لطیفے میرا خیال ہے لوگ اب سمجھ چکے ہیں، امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، پاکستان کا آئین اور قانون کا نظام ہے، بانئ پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کے خلاف عدالت نے سزا دی ہے، ان کے چھوٹنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ان کے مقدمے عدالت کے ذریعے ختم ہوں، جس چوری میں وہ پکڑے گئے ہیں، دنیا کی کوئی بھی عدالت چوری کو سفید نہیں کر سکتی۔
Leave a Reply