ہوٹل انتظامیہ نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قومی کانفرنس کے دوسرے روز بکنگ کینسل کردی، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماء ہوٹل پہنچے اور لابی میں کانفرنس شروع کردی، جبکہ نجی ہوٹل کے باہر سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے۔
اپوزیشن گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام ”آئین کی بالادستی“ کے عنوان سے دو روزہ قومی کانفرنس کے معاملے پر ہوٹل مینیجر نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا۔
ہوٹل مینیجر نے پولیس کو دئے گئے بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتظامیہ کی جانب سے آج کانفرنس کی اجازت نہیں دی گئی تھی، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نجی ہوٹل میں زبردستی کانفرنس کیلئے گھس گئے۔
ہوٹل مینیجر کے مطابق تمام افراد اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے، سیاسی رہنماؤں نے ہوٹل میں داخل ہوکر لابی پر قبضہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ہوٹل مینیجر سے وقوعہ سے متعلق بیان ریکارڈ کرلیا۔ پولیس بیان ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ لے کر روانہ ہوگئی، جس کے بعد اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قیادت پر مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے۔
Leave a Reply