وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقی کیلئے چاروں اکائیوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ایک یا دو صوبے کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں۔ پاکستان کی ترقی کیلئے چاروں صوبوں کی ترقی لازم و ملزوم ہے۔
اسلام آباد میں زرعی شعبے میں تربیت کیلئے طلبا کو چین بھیجنے کے پہلے مرحلے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ہاتھ تھاما۔ آئی ایم ایف کے پروگرام کیلئے ہماری مدد کی۔ ہمارے تحقیقی اداروں میں تحقیق کے بجائے سیاست ہوتی ہے، چین جانے والے طلبا وہاں سے ٹیکنالوجی پاکستان لے کر آئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والےطلبا کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا، پاکستان کے زرعی گریجویٹس آج اعلیٰ تعلیم کیلئے چین جا رہے ہیں، پاکستانی طلبا کو اسکالرشپس فراہم کرنے پر چینی حکومت کے مشکور ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کی زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق نے بے حد متاثر کیا، اسکالر شپ پروگرام کیلئے زرعی گریجویٹس کا میرٹ پر انتخاب ہوا۔ پاکستانی طلبا بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔
Leave a Reply